دبئی ،13/دسمبر (آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں مقیم مکینوں اور شہریوں میں پانچ ہزار کو روزانہ سائنو فارم کی تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین لگائی جائے گی۔ اس ضمن میں متعلقہ فرم نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
یو اے ای میں صحتِ عامہ کی خدمات مہیا کرنے والی بڑی فرم وی پی ایس ہیلتھ کیئر کو کووِڈ-19 کی ویکسین لگانے کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔اس اعلان سے چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے چین کی سرکاری کمپنی سائنو فارم کی تیارکردہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دی ہے۔یہ ویکسین کرونا وائرس کےعلاج میں 86 فی صد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔
وی پی ایس ہیلتھ کیئر نے ابو ظبی ، مُصَفَّح، العین اور الظفرا میں ویکسین لگانے کے لیے 18 اسپتال اور طبی مراکز قائم کیے ہیں۔وی پی ایس کے گروپ میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر نبیل دیبونی نے کہا ہے کہ’’ہم نے پانچ ہزار افراد کو روزانہ کرونا وائرس کی ویکسین لگانے کے لیے ایک مضبوط ڈھانچا قائم کیا ہے۔ ہم اس صلاحیت کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔‘‘
وی پی ایس نے آج ہفتے سے ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز کیا ہے۔اس نے ویکسین لگوانے کے خواہاں افراد کے لیے وقت طے کرنے کی غرض سے ایک ہیلپ لائن نمبر (8005546) قائم کردیا ہے۔ویکسین لگوانے کے خواہاں افراد اس وٹس ایپ نمبر 0565380055 کے ذریعے اپنا اندراج کراسکتے ہیں اور اس ویب سائٹ کے ذریعے بھی وقت کے لیے اپنا اندراج کرسکتے ہیں:www.covidvaccineuae.com.
مکینوں اورشہریوں کو اپنے نام ، جنس ، عمر ، قومیت ،آجر کے نام ، فون نمبر، پاسپورٹ یا امارات کے شناختی کارڈ اور ترجیحی جگہ کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔
وی پی ایس کے مقررہ مراکز میں ایک فرد کے ویکسی نیشن کے عمل میں قریباً 15 منٹ صرف ہوں گے۔ویکسین لگوانے والے فرد کو بعد میں 30 منٹ تک مشاہدے میں رکھا جائے گا۔
وی پی ایس کی جانب سے تقسیم کی جانے والی ویکسین 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے کسی بھی فرد کو لگائی جاسکتی ہے۔15 سے 17 سال کی عمر کے لڑکوں کا پہلے ایک ماہر طبیب مکمل طبی معائنہ کرے گا اور اس کی روشنی میں انھیں ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔15 سال سے کم عمر کے بچوں کو ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔
مختلف عوارض کا شکار افراد کو بھی ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔ویکسین لگانے کے بعد کسی قسم کی الرجی کا شکار ہونے کی تاریخ کے حامل افراد، مرگی ، دورے یا ذہنی عارضے میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور خون میں لوتھڑے موجود ہونے کی تاریخ کے حامل افراد کو بھی ویکسین نہیں لگائی جائے گی۔جن افراد کا گذشتہ ماہ کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیاتھا یا گذشتہ 14 روز میں انھوں نے کوئی اور ویکسین لگوائی ہے، انھیں بھی اس پروگرام میں شامل نہیں کیا جائے گا۔